اوکاڑہ،24جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ ڈاکٹر محمد اقبال اور محکمہ صحت کے افسران کے ہمراہ ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قبرستانوں اور نرسریوں میں ویکٹرسر ویلینس کے لئے کام کرنے والی ٹیموں کو ذاتی طور پر چیک کیا اور اپنی نگرانی میں نہر والا پل قبرستان میں پرندوں کو پانی ڈالنے والے برتنوں کو تلف کروایا۔
ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ ضلع میں حالیہ بارشوں کے بعد انسداد ڈینگی سر گرمیاں تیز کر دی گئی ہیں، محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ انتظامی افسران بھی اس کام میں معاونت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے افسران کو اپنے اپنے دفاترمیں انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملد رآمد کے سلسلہ میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ٹائر مارکیٹوں، کباڑ خانوں، وئیر ہاوَسز، قبرستانوں، مزاروں اور سرکاری عمارتوں کی ویکٹر سرویلینس پر توجہ دی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو انسداد ڈینگی اقدامات کے سلسلہ میں آگاہی دی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں گلی محلوں کو صاف اور خشک رکھیں تاکہ ڈینگی لاروا کو پھلنے پھولنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ انسداد ڈینگی اقدامات میں رکاوٹ بنیں گے اور انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کئے جائیں گے ۔











