اوکاڑہ،17 جون (اے پی پی): بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی انتہا پسند گستاخ خاتون کی طرف سے حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے کیخلاف اوکاڑہ میں مذہبی،سیاسی ، تاجر،صحافی ،وکلاءودیگر تنظیموں کی جانب سے تحفظ ناموس رسالت ﷺ ریلیاں نکالی گئیں۔
بعد نماز جمعہ مرکزی امام بارگاہ ایوان حسین ؑ سے شیعہ علماءکونسل پاکستان ضلع اوکاڑہ اور انجمن خدام آل عباءکی جانب سے ریلی نکالی گئی جو مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب چوک پر جاکر اختتام پزیر ہوئی جسکی قیادت سابق ضلعی صدر شیعہ علما ءکونسل مولانا محمدصادق روحانی ، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سیدامجدعلی کاظمی ، سید کوثر رضوی ، سید فخر عباس سبزواری ، سید غضنفر عباس قمی ، ممبر امن کمیٹی حبیب اللہ چوراہی ، جبکہ غیرمسلم کمیونٹی کی نمائندگی پادری عوبید کرامت نے کی ۔ جماعت اہلسنت ، صدر سماجی تنظیم ‘ماڈا’ مظہر رشید چوہدری اور سول سوسائٹی کے عہدیداران اور ممبران نے بھی شرکت کی ۔
مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بی جے پی کی رکن نوپورشرما نے حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کر کے پونے دو ارب مسلمانوں کے دل چھلنی کردئیے ہیں ،عاشقان رسول ﷺ اضطراب میں ہیں، مودی سرکار کی جانب سے ملعونہ کی رکنیت ختم کرنا کافی نہیں ملعونہ کو فوری سزا دی جائے ۔
سابق ضلعی صدرشیعہ علماءکونسل مولانا محمدصادق روحانی نے کہا کہ عرب ممالک نے جس طرح بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کااعلان کیااور اِس گستاخی پراحتجاج کیا ہے قابل تحسین ہے، پاکستان کی عوام بھی بھارتی مصنوعات بیچنے اور خریدنے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوپورشرما کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم بھارت پر واضح کردینا چاہتے ہیں ،آج غازی علم دین شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہم اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں جبکہ ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کیلئے اگر ہمیں اپنی جانیں بھی قربان کرنا پڑیں تو ہمارے لئے بڑی سعادت ہوگی انہوں نے کہا کہ ہم سرحدوں پر کفن باندھ کر ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ کریں گے ۔
انجمن خدام آل عباءکے سید کوثر رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر بھارت میں جو ظلم اور تشدد ہورہا ہے، ہم اسکی بھر پور مذمت کرتے ہیں ، خاتم النبیین حضرت محمد ﷺنے ہمیشہ امن کا پیغام دیا اور مسلمانوں نے کبھی کسی کی مذہبی دل آزاری یا گستاخی نہیں کی جبکہ اسلام مخالف بیانات ناقابل برداشت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت محمدﷺ کے پروانے ناموس رسالت ﷺپر کٹ مرنا جانتے ہیں اور ناموس رسالت ﷺکا دفاع ہر قیمت پر کریں گے حکومت کو چاہیئے کہ وہ بھارت سے فوری طور سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کرے۔