اوکاڑہ؛ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا

4

اوکاڑہ،یکم جون(اے پی پی): ٖضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بدھ  کو  یہاں   منعقد ہوا۔ اجلا س میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس  سے خطاب میں  چیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی ،ممبر صوبائی اسمبلی افتخار حسین چھچھراور ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ مقررہ نرخوں پر اشیاء خورونوش کی مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنانا اور طلب و رسد کے میکا نزم پر نظر رکھتے ہوئے اشیاء ضروریہ کی عام مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر تواتر سے فراہمی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی اشیاء ضروریہ کی مارکیٹ میں دستیاب صورت حال کا جائزہ لے کر نرخ مقرر کرتی ہے اور مقررہ نرخوں پر عام صارفین کو اس کی فراہمی ہر طور یقینی بنائی جاتی ہے۔

انہوں نے  کہا  کہ  جائز منافع تاجروں کا حق ہے لیکن گرانفروشی،ذخیرہ اندوزی اوربلیک مار کیٹنگ کرنے والے ایک طرف تو صارفین کی حق تلفی کرتے ہیں اور دوسری جانب تاجروں کے لئے بدنامی کا باعث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کہ موجودہ حالات کے تناظر میں پنجاب حکومت آٹا ،چینی ،گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہی ہے، تاجر برادری عوام کو ریلیف دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ غریب عوام اس سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکے۔

  ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا، مصنوعی قلت کا تاثر پیدا کر کے مہنگائی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جا ئے گا۔

 اس مو قع پر ڈسٹر کٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم محمد خالد جاوید بھٹی نے ہول سیل مارکیٹ اور مقامی مارکیٹ میں اشیاء ضروریہ کے نرخ ،ان کی مارکیٹ میں فراہمی ، سٹاک کی صورت حال اور مستقبل کی ضروریات سے متعلق بریفنگ دی۔

 اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال، اسسٹنٹ کمشنرز، ممبران ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔