اٹک؛ریسکیو 1122 کی جانب سے مون سون میں سیلاب سے بچاؤکیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد

6

اٹک،30 جون (اے پی پی ) : ریسکیو 1122  اٹک نے مون سون کی ممکنہ بارشوں اور سیلاب سے بچنے کی حفاظتی تدابیر کیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد کیاگیا۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر ہونے والی ان مشقوں کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسین نے کی، فلڈ موک ایکسر سائز دریائے سندھ میں شادی خان کے مقام پر منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر حضرو وقاص اسلم تھے۔

فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کے ہنگامی انخلاء کا عملی مظاہرہ کیا گیا جبکہ فلڈ کے دوران ڈوبتے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور بروقت ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر وقاص اسلم نے ریسکیو 1122  کی کارکردگی کو سراہا اور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے ڈوبنے کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹک خورد کے مقامی ملاحوں میں لائف جیکٹس بھی تقسیم کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر حضرو وقاص اسلم نے ریسکیو 1122 کے جوانوں کو سلام پیش کرتے کہا کہ ہمیں ان نوجوانوں پر فخر ہے جو ہروقت کسی بھی  ایمرجنسی کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات فلڈ و دیگر موقع پر دن رات ایک کر کے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرتےہیں۔

 محکمہ تعلیم، محکمہ صحت ، محکمہ خوراک،میونسپل کمیٹی ، محکمہ لائیو سٹاک ، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔