بچوں کی  بہتر پرورش، تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہم سب کا ملی ومذہبی فریضہ ہے؛ مقررین کا  ملتان میں  چلڈرن تفریحی میلہ سے خطاب

53

ملتان، 12 جون (اے پی پی ): ماہر تعلیم و چئیرمین لاریٹس گروپ آف سکولز ملتان چوہدری خالد جاوید وڑائچ، چئیرمین متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان ڈاکٹر محمد اکمل مدنی، سیاسی و سماجی رہنما سابق چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، سنئیر نائب صدر انصاف یوتھ ونگ ملتان چوہدری ابرار حسین اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائیزیشن ملتان نعیم اقبال نعیم کہا ہے کہ بچے مستقبل کے معمار اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی بہتر پرورش، تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہم سب کا ملی ومذہبی فریضہ ہے، ان سے بہتر کل کی امید انہیں بہتر آج دے کر ہی ممکن ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ تدارک چائلڈ لیبر کے موقع پر پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیراہتمام چوہدری برادرز ٹیکسٹائل ملز پرائیویٹ لمیٹڈ اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے اشتراک سے سُپر سپیس فن لینڈ مال آف ملتان میں منعقدہ ‘‘چلڈرن تفریحی میلہ 2022ء’’کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچائلڈ پرو ٹیکشن اینڈ ویلفیر بیور و ملتان کے بچوں کو انڈور گیمز، ہارر ٹرین، ایکس ڈی سینما کے ذریعے  تفریح کے مواقع فراہم کیے گئے،  ان میں کھانے پینے کی اشیاء اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

 اس موقع پر پی آر او چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان راوّ نوید مختیار، ممبر ایگزیکٹو کونسل YPO رشید عباس خان، مارکیٹنگ منیجر سپر سپیس فن لینڈ محمد عدنان  و دیگر بھی شریک تھے۔   ڈاکٹر اکمل مدنی نے کہا کہ پاکستان ایک غریب اور ترقی پزیر ملک ہے یہاں کورونا کے وجہ سے غربت میں مزید اضافہ ہوا ہے، چائلڈ لیبر صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ ترقی یافتہ ممالک بھی اس کا شکار ہیں، یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے لیے عالمی سطح پر کوشیش کرنا ہونگی۔

چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ آج نعیم اقبال نعیم اور ان کی ٹیم نے بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے عالمی دن کو ان بچوں کے لیے عید کا دن بنادیا آج ان بچوں کو جو تفریح و کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئی ہیں وہ شائد ان غریب بچوں کو عید پر ہی میسر آتی ہوں ہمیں ایسے اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں اضافہ کے لیے اپنا کردار بھی ادا کرنا چاہیے۔

مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی نے کہا کہ بچے کسی بھی ملک و قوم کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں انہوں نے ہی بڑے ہوکر ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالناہے۔چوہدری ابرار حسین نے کہا کہ بچے معصوم ہوتے ہیں آج ان کے چہروں پر آئی خوشی اور رونق ان کی معصومیت میں اور بھی اضافہ کررہی ہے۔

 پی آر او چائلڈ پروٹیکشن بیورو راوّ نوید مختار نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو پنجاب بھر میں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمہ کے لیے کوشاں ہے بچوں سے جبری بھیک جرم یے اور ہم اس کے تدارک کے لیے کام کررہے ہیں بچوں کے ساتھ جنسی درندگی یا تشدد کرنے والوں کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو خود مدعی بن جاتا ہے غرض یہ ادارہ نسل نو کی آبیاری اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کررہا ہے۔

میزبان صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ برسوں سے ہم چائلڈ لیبر کے خلاف باتیں اور اقدامات سنتے آرہے ہیں مگر اس کے باوجود اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ہم زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر بات نہیں کرتے اس وقت پاکستان میں پانچ کروڑ افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں والدین غربت و افلاس کے باعث اپنے کم سن بچوں کو کام پر لگا دیتے ہیں کہ وہ گھر میں دو وقت کا کھانا بنانے میں مددگار ثابت ہوسکیں بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے عالمی دن پر ہر سال ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اس تقریب کا اہتمام صرف اس غرض سے کرتی ہے کہ ہم چائلڈ لیبر کا تو شائد خاتمہ ناکرسکیں مگر کم از کم ان بچوں کو ایک دن خوشی کے لمحات تو دیں۔

 اس موقع پر بچوں میں آئسکریم، چاکلیٹ، بسکٹس، کینڈیز، چپس، جیلیز، سلانٹی اور جوس و دیگر اشیاء تقسیم کیں بچے اپنی من پسند چیزیں پاکر خوشی سے پھولے نا سماء رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر بچوں کے لیے انڈور گیمز، ایکس ڈی سینما اور ہارر ٹرین دیکھ کر خوب محظوظ ہوئے بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔