جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر کا شمالی وزیرستان میں دہشتگردی کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ

13

اسلام آباد۔22جون  (اے پی پی):جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالاکبر چترالی نے شمالی وزیرستان میں چند روز قبل دہشتگردی کے واقعہ میں  نوجوانوں  کی شہادت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دردناک واقعہ ہوا ہے، دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں اور ملک میں انارکی اور بے چینی ہے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد اللہ داوڑ اسلامی جمعیت طلبہ بنوں کے رہنما اور شمالی وزیرستان میں الخدمت کے صدر تھے۔ میری درخواست ہے کہ اس حوالے سے رپورٹ طلب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں بھی ایک دکاندار سے دن دیہاڑے 50 ہزار روپے لوٹ لئے گئے ۔ وزارت داخلہ کو فعال بنانا ہے، جب تک ملک میں امن نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک کا نام امن چوک رکھ دیا جائے۔  ڈی چوک میں کنٹینرز کی وجہ سے ارکان پارلیمنٹ سمیت عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔