سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد،رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان اور کمشنر راولپنڈی کی مقتولہ ہادیہ گل کے گھر آمد اورتعزیت

3

اٹک،19جون(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محمدحمزہ شہباز شریف کی ہدایات پر سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد،رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان اور کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل نے فقیرآباد میں قتل ہونے والی دس سالہ ہادیہ گل کے گھر تعزیت کی۔ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین،ایس پی انویسٹی گیشن اٹک عمران رزاق،اسسٹنٹ کمشنر اٹک محمد سلیم راجہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی گی پی آر شہزاد نیاز اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئرنائب صدر و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ایم این اے ملک سہیل خان نے اس موقع پر کہا کہ ہادیہ گل کےلرزہ خیز قتل نے انسانیت کو شرما دیا ہے، مجرموں کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا اور ان کے ساتھ کوئی رعایت نہ بھرتی جائےگی۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ضلعی پولیس اور انتظامیہ دن رات اس اہم کیس پر کام کر رہے ہیں اور بہت جلد مثبت نتائج عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متاثرہ خاندان کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا طے شدہ پروگرام خراب موسم کے باعث ملتوی کیاگیا اور آج وہ ان کی ہدایت کی روشنی میں ہادیہ گل کے گھر آئے ہیں اور کہا کہ محمد حمزہ شہباز شریف روزانہ کی بنیاد پر اس اہم کیس کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ افسران کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔