سرکاری اداروں اور تاجروںکو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا؛ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا

32

اوکاڑہ،07جون(اے پی پی ): چیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ کھرل نے کہا ہے کہ تمام سرکاری اداروں اور تاجروں نے لوگوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، تاجر جائز منافع ضرور کمائیں لیکن وہ لوگ جو ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی میں ملوث ہیں انہیں اپنی صفوں سے علیحدہ کردیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں اقدامات کر رہے ہیں، تاجر حضرات اور ڈیلرز بھی اپنا سٹاک روزانہ کی بنیاد پر ظاہر کریں تاکہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی صورتحال بھی متاثر نہ ہو اور تمام صارفین کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر دستیاب ہو سکے۔

اجلاس میں  ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال ،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر صاحبان ،تاجر تنظیموں کے نمائندوں سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔