سرکاری ادارے لوگوں کی سہولت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں؛کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید

2

رینالہ خورد،23جون(اےپی پی):  کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ سرکاری ادارے لوگوں کی سہولت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، سرکاری اداروں میں اپنے کام کے لئے آنے والے لوگوں کو کسی دقت اور مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اوپن ڈور پالیسی مسائل کے حل کی جانب اہم قدم ہے جس پر عملد رآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل دیپالپور کے لینڈ ریکارڈ سنٹر اور تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال دیپالپور کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے اختیار اور وسائل اپنے لوگوں کی بہتری کے لئے بروئےکار لانا ہے اور ان کی سہولت کے لئے سسٹم کو فعال رکھنا ہے، ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے بہترین علاج معالجہ کے لئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی پیشہ وارانہ رویہ ذمہ داریوں سے احسن انداز میں عہدہ براں ہوں، دکھی انسانیت کی خدمت ہر ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کا مطمع نظر ہونا چاہیے۔انہوں نے ہسپتال کے دورہ کے دوران مریضوں سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے رویہ اور ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والے سہولیات سے متعلق دریافت کیا ۔

کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے لینڈ ریکارڈ سنٹر میں آنے والے سائلین سے لینڈ ریکارڈ سنٹر کی افادیت ،فرد کے اجراء ،زمین کے انتقال سے متعلق دریافت کیا ۔انہوں نے کہا  کہ لینڈ ریکارڈ سنٹر میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا یا جا رہا ہے جس کا فائدہ عوام کو ہونا چاہیے۔

 بعد ازاں کمشنر سلوت سعید نے پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے سستے ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نے وہاں پر ریڑھیوں پر فروخت ہونے والے پھلوں اور سبزیوں کے نرخ نامے دیکھے اور معیار بھی چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے کیا جانے والا یہ کام بہترین ہے اور یہاں پرپھلوں اور سبزیوں کی بہترین کوالٹی دستیاب ہے جس سے لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

 کمشنر نے دیپالپور کی عام مارکیٹوں اور دوکانوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ کی کوالٹی چیک کی اور دوکاندارون کی جانب سے آویزاں کئے جانے والے نرخ ناموں اور قیمتوں کے بورڈز بھی چیک کئے۔