صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق نے وفاقی بجٹ 2022-23کو متوازن قرار  دے دیا

15

فیصل آباد،11  جون (اے پی پی):  صدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق   نے وفاقی بجٹ 2022-23کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارا سب سے بڑا مطالبہ منظور کرتے ہوئے چھوٹے دکانداروں پر فکسڈ ٹیکس لگادیا ہے ۔

 اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ شاہد رزاق   نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں پر فکسڈ ٹیکس لگانے سے ملکی ریونیو میں اضافہ ہوگا جو معاشی استحکام کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ کر کے مہنگائی زدہ اس طبقہ کو ایک بڑی حد تک ریلیف فراہم کیا ہے جس پر موجودہ حکومت تحسین کی مستحق ہے تاہم حکومت کو چاہیے کہ دیہاڑی دار مزدورکی اجرت بھی کم ازکم 1500روپے یومیہ کی  جائے کیونکہ غریب دیہاڑی دار صبح سے شام تک سخت مشقت کرتا ہے مگر شام کو وہ حاصل ہونے والے معاوضہ سے اپنے بچوں کی روٹی کا بھی صحیح طریقے سے بندوبست نہیں کرپاتا جبکہ دیہاڑی نہ ملنے کی صورت میں اس بیچارے کو اپنے بیوی بچوں سمیت فاقہ برداشت کرنا پڑتا ہے، اس لئے حکومت کو دیہاڑی دار طبقہ پر خصوصی شفقت کرتے ہوئے ان کی یومیہ اجرت میں فوری اضافے کا اعلان کرنا چاہیے۔

خواجہ شاہد رزاق   نے کہا کہ کارخانے میں کام کرنے والے غیرہنرمند مزدورکی کم از کم اجرت پچیس ہزار روپے ماہوار سے بڑھا کر تیس ہزار روپے کی جائے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ہم ایسے کارخانوں کی نشاندہی کرنے میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے جو حکومت کی طرف سے اعلان کردہ اجرت مزدوروں کو فراہم نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں یہ بجٹ عوام دوست ہے، آج تک کوئی حکومت ایسا بجٹ پیش نہیں کرسکی۔

ایک سوال کے جواب میں خواجہ شاہد رزاق   نے کہا کہ اگر ہمیں صبح آٹھ بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے تو ہم رات ساڑھے آٹھ کی بجائے شام چھ بجے بھی دکانیں بند کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے بات چیت کر کے دس فیصد ڈسکاؤنٹ بحال کروایا جائے، یہ میڈیکل کے میدان میں بہت بڑی عوامی خدمت ہوگی کیونکہ فارماسیوٹیکل کمپنیاں اور میڈیکل سٹور والے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

خواجہ شاہد رزاق   نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ تمام ریفنڈ کلیم اسی ماہ ادا کردیئے جائیں گے۔ حکومت کا یہ بہت بڑا اقدام ہے۔ اس سے فیصل آباد سمیت ملک کی صنعت کا پہیہ چلے گا۔ صنعتکار کے پاس پیسہ آئے گا اور ایکسپورٹرز بیرونی آرڈرز مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

 آخر میں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کا بہترین اور متوازن بجٹ پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔