اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ گذشتہ رات تیسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانی پڑی اس کی دو وجوہات تھیں ایک تو پی ٹی آئی حکومت سے ملنے والی کھنڈرمعاشی صورتحارل اور غلط پالیسیاں تھیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چھوڑی ہوئی تباہی کے اثرات کئی سال رہیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر معیشت اچھی ہوتی اور دھچکے برداشت کرسکتی تو فوری طور پر مشکل فیصلے نہ کرتے ، آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا ۔ چالیس پچاس سال سے نقصان میں جانے وا لے درجنوں سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے تا کہ انھیں بہتر انداز سے چلایا جاسکے ۔ پاکستان سٹیل مل ، پی آئی اے ،ایس این جی پی ایل ، ایس ایس جی ایل ، ڈسکوز سمیت دیگر 90 فیصد ادارے خسارے میں چل رہے ہیں ان کی نجکاری ہونی چاہیے اور ان اداروں کے ملازمین کوایک اچھا گولڈن شیک ہینڈ دیا جائے تا کہ وہ کوئی اور کام کرسکیں۔