فیصل آباد؛ ڈگری 22 شو کے عنوان سے چوتھی سالانہ ہاتھ کے بنے ہوئے منفرد فن پاروں کی 3 روزہ نمائش کا آغاز ہوگیا

44

فیصل آباد،  28  جون  (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام ڈگری 22 شو کے عنوان سے منگل کو چوتھی سالانہ ہاتھ کے بنے ہوئے منفرد فن پاروں کی 3 روزہ نمائش کا آغاز ہوگیا ہے جس میں یونیورسٹی کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی ہونہار طالبات کے  آئیڈیاز اور منفرد تخیلات پر مبنی ہاتھ سے بنے ہوئے سینکڑوں فن پارے رکھے گئے ہیں۔

 اپنی نوعیت کی انتہائی دلچسپ نمائش کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی نے کیا جبکہ اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کی ڈینز، شعبہ جات کی سربراہان، انتظامی حکام اور مختلف شعبہ جات کی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورکینوس پر بکھیری گئی رنگوں کی قوس قزح پر متعلقہ طالبات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن ویمن یونیورسٹی کے چوتھے بیچ کی جانب سے مذکورہ جس نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ان میں طالبات کے ہاتھوں اور مختلف اشیا کے استعمال سے بنائے گئے خوبصورت و دلکش فن پارے و ماڈل ان کی صلاحیتوں کے عکاس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش30 جون بروز جمعرات تک جاری رہے گی جس میں دیگر کالجز و یونیورسٹیز، میڈیکل کالجز و پروفیشنل اداروں کی طالبات کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔