لوگوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے

9

مظفرگڑھ، 16جون(اے پی پی): سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا  ہے  کہ لوگوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سروس ڈیلیوری میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب محمد اقبال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مظفر گڑھ کے دورہ  کے موقع پر  کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے  میڈیکل و پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی و فراہمی اورایکسرے یونٹ، الٹرا ساونڈ مشین،  ڈینٹل یونٹ اور دیگر طبی مشینری کے فنکشنل ہونے کو  چیک کیا اور  اسپتال میں صفائی کی صورتحال اور  میڈیکل، سرجیکل، آرتھو، گائنی، پیڈز، ڈائیلاسز وارڈز میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔

سیکرٹری محمد اقبال نے اسپتال کے ہیپاٹائٹس کنٹرول یونٹ کا بھی دورہ کیا اور بہترین سروس ڈیلیوری پر اطمینان کا اظہار کیا اور  علاج معالجہ کے لیے آئے لوگوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار بھی کیا۔انہوں نے ڈائیلاسز کے مریضوں کو آئرن انجکشن نہ ملنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ اور ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال  کو انجکشن فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی،

اسپتال کی لانڈری کو فوری طور پر فعال کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور لانڈری میں ٹرانسفارمر کی تنصیب کے لیے فوری طور پر واپڈا کے افسران سے رابطہ کاری کی ہدایت بھی کی۔