پشاور، 16 جون (اے پی پی ): وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا خلیق الرحمان نے محکمہ ایکسائز کی محاصل ریکوری شرخ تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز نے اب تک تین ارب سے زیادہ محاصل ریکوری کی ہے جبکہ اس حوالے سے کوششیں مزید تیز کر رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز پشاور میں محاصل ریکوری جائزہ لینے بارے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز سید حیدر اقبال ، ڈائریکٹر ریونیو سیدالامین ، ڈائریکٹر پشاور ریجن جاوید خیلجی، ڈائریکٹر ملاکنڈ ریجن ڈاکٹر عید بادشاہ ، ڈائریکٹر ہزارہ ریجن عندلیب ناز، ڈائریکٹر ساوتھ ریجن حیات خان وزیر، ڈائریکٹر مردان ریجن عمادالدین و دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس کو ڈائریکٹر ریونیو سیدالامین نے اب تک کی محاصل ریکوری اور ضلعی افسران کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ایکسائز نے اب تک تین ارب سے زیادہ محاصل ریکوری کی ہے، جسکو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کمی کو پورا کرنے کے لیے موقع پر ہدایات جاری کی گئی ۔
اس موقع پر مشیر ایکسائز نے کہا کہ ایبٹ آباد اور نوشہرہ میں جی آئی ایس بیسڈ سروے سے ٹیکس نیٹ میں کافی بہتری آئی ہے جبکہ ٹیکس دہندگان کو سہولت کے ساتھ ساتھ ٹیکس نظام میں تیزی اور شفافیت بھی ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امسال پشاور میں پراپرٹی ٹیکس کو ڈیجیٹائز کرنے کے منصوبے کو منظور کرچکی ہے جس سے محاصل کی بہتری میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
مشیر ایکسائز نے فیلڈ افسران کو اپنے مقررہ اہداف بروقت پورا کرنے کی سختی سے ہدایات کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام افسران ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے اہداف بروقت مکمل کریں۔
اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز نے ٹیکس صارفین کو تمام تر سہولیات بروقت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے تمام ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفاتر چھٹی کے دن بھی کھلے رہینگے۔











