مری ؛ دربارعالیہ موہڑہ شریف   میں سالانہ بڑے عرس کی تین روزہ تقریبات الحاج پیر ڈاکٹر غلام گوہر نظیر احمد گوہر کی اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر

50

مری ، 12 جون  (اے پی پی ):مرکزی دربارعالیہ موہڑہ شریف مری میں سالانہ بڑے عرس کی تین روزہ تقریبات الحاج پیر ڈاکٹر غلام گوہرنظیراحمدگوہر سجادہ نشین مرکزی دربارعالیہ موہڑہ شریف کی اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ اختتامی تقریب میں پاکستان اورآزادکشمیرسمیت بیرون ممالک سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیرڈاکٹرغلام گوہر نظیر احمد گوہرنے کہاکہ ناموس رسالتﷺ پر مسلمان اپنی جان قربان کرنا فخرسمجھتے ہیں ،بھارت نے توہین رسالتﷺ پرعالم اسلام کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی  ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنی جان ،مال، اولاد،بیوی بچوں سے زیادہ اپنے نبی صلی اللہ علیہ والہ وصلم سے محبت اپنے ایمان کا بنیادی جزو تصورکرتے ہیں، مسلمان نسبت رسولیﷺ کواختیارکرکے دنیا وآخرت میں سرخروئی حاصل کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی اورعالم اسلام کی سربلندی کیلئے دعاکی گئی، تین روزسے جاری عرس کی تقریبات میں پوری وادی کی فضائیں درودوسلام کی صداوں سے گونجتی رہیں۔ زائرین کے بے پناہ رش کے باعث کلڈنہ موہڑہ شریف روڈ اورکشمیری بازار، موہڑہ شریف روڈ پربھی گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگی ہوئی   تھیں  جبکہ ٹریفک پولیس کی بھاری نفری روڈاورٹریفک کوبحال رکھنے کیلئے متحرک رہیں ۔