ملتان،18جون(اے پی پی):مون سون کی پہلی بارش نے شہر اولیاء کو جل تھل کردیا، بارش کے باوجود شہر میں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا صفائی آپریشن جاری رہا، پہلے مرحلے میں شہر کے ماڈل روڈز کی صفائی مکمل کی گئی۔اس کے علاوہ کمپنی ورکرز سڑکوں پر جمع ہونیوالے پانی کی نکاسی کے لئے کلورٹ کی صفائی میں مصروف رہے اور سڑکوں اور گلیوں سے ویسٹ اور شاپر لفٹ کرنے کا کام بھی جاری رہا۔
ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے شہر کا دورہ کیا اور ورکرز کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے بارش کے دوران موٹر سائیکل پر بھی سڑکوں اور گلیوں کاوزٹ کیا اور مانیٹرنگ آفیسران اور ورکرز کو موٹیویشن دی۔انہوں نے سڑکوں اور گلیوں سے بارش کے پانی کی نکاسی میں حائل رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کرنیکی ہدایت کی۔
کمپنی انتظامیہ کی جانب سے فیلڈ میں کام کرنیوالے ورکرز کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ورکرز کو بجلی کے پولز کے قریب جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی اور انہیں سڑکوں پر پانی کے پیش نظر سوئیپنگ کی بجائے ویسٹ لفٹنگ کی ہدایت کی گئی، اس کےعلاوہ آپریشنل سٹاف کو شہر کے تمام کنٹینرز کی لفٹنگ اور ویسٹ بن کی صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔