ملتان،16جون(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرکاری آٹے و گندم کی ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈبل پھاٹک کے علاقے میں سرکاری آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی اور ایک گھر سے 25 سو کلو سرکاری آٹے کی بوریاں برآمد کرکے ملزم دانش اور ساجد گرفتار کرلیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے اطلاع ملنے پر محکمہ فوڈ کے ہمراہ کارروائی کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر احمد جاوید نے آٹا سپلائی کرنے والی فلور ملز کو بھی سیل کردیا جبکہ ملزم ساجد کو آٹا اورسپلائی کرنے والی مل انتظامیہ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر عامر وٹو کی ہدایت پر پکڑا گیا سرکاری آٹا اوپن مارکیٹ میں سستے ریٹ پر فروخت کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ فلور مل انتظامیہ نے جعلسازی سے سرکاری آٹا ذخیرہ اندوز کو فراہم کیا جس کے بعد ڈپٹی کمشنر کے حکم پر تمام فلور ملز کی انسپکشن کی جارہی ہے، ضلعی انتظامیہ حکومتی سبسڈی کا ایک ایک روپیہ حق داروں تک پہنچائے گی۔