ملتان میں مینگو فیسٹیول 3 جولائی سے شروع ہوگا

8

ملتان، 29 جون (اے پی پی ): محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی نے کہا  ہے کہ  تین روزہ “مینگو فیسٹیول” جسے ذائقہ، منفرد ثقافت اور تفریح ​​کا تہوار بھی جانا جاتا ہے، 3 جولائی کو شروع ہوگا اور یہ نہ صرف ہزاروں شہریوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا بلکہ دنیا بھر میں اس خطے کے آم کو فروغ دینے میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

 یہ بات محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی نے بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔  ڈی ایچ اے ملتان میں منعقد ہونے والے میلے میں آم کی تقریباً 200 اقسام نمائش کے لیے رکھی جائیں گی۔ ڈاکٹر آصف نے کہا کہ مینگو فیسٹیول 2016 سے باقاعدگی سے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد مختلف بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنا کر پوری دنیا میں پھلوں کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیسٹول میں  چولستانی کلچرل شو، کڈز ڈانس، ٹیلنٹ کمپیٹیشن، پپٹ شو، میجک فار کڈز، مینگو کٹنگ اینڈ ایسٹنگ کمپیٹیشن، مینگو ڈش میکنگ اور کچھ دیگر تفریحی پروگراموں سمیت مختلف ایونٹس یقیناً زائرین کو محظوظ کریں گے اس کے علاوہ تعلیمی مباحث، موسمیاتی تبدیلی پر سیمینار اور آم کی پیداوار کے چیلنجز پر بھی تفصیلی گفتگو کی جائے گی جبکہ  مختلف کاشتکار آم کے باغات سے متعلق اپنے تجربات کا تبادلہ کریں گے۔

  ایک سوال کے جواب میں وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ آم کی آن لائن تجارت ملک بھر میں مقبول ہو رہی ہے۔  آن لائن تجارت کے ذریعے شہریوں کو ان کی دہلیز تک آم کی آسانی سے رسائی حاصل ہے۔

  ایک اور سوال کے جواب میں وائس چانسلر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ یونیورسٹی کے ماہرین آم کے گھنے باغات کے فروغ میں بھی معاونت کر رہے ہیں۔  موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے، درختوں پر جلد پھل آنے کی خصوصیات تیار کرنے پر کام جاری ہے۔  یونیورسٹی کے محققین کاشتکاروں میں آٹومیشن کے فوائد کے بارے میں بھی آگاہی پیدا کر رہے تھے۔  انہوں نے کہا کہ اس قسم کا میلہ اسلام آباد، لاہور، رحیم یار خان میں بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد لذیذ پھلوں کی برآمد کو فروغ دینا ہے۔