ملتان، 29 جون (اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نشتر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور عملے کی حاضری سمیت مریضوں کے لیے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد فرداً فرداً تمام شعبوں میں گئے اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہی حاصل کی۔ وہ رجسٹریشن کاؤنٹر سمیت کرونا ویکسینیشن سنٹر، ڈینگی اور ہیضہ کے مریضوں کے لیے بنائے گئے کاونٹررز پر بھی گئے اور عوام کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے اس موقع پر علاج معالجے کی غرض سے آئے مریضوں کی عیادت کی اور ان کے لواحقین اور ڈیوٹی پر مامور طبی عملے سے بھی گفتگو کی اور انہیں درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی اور انکے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے بعد ازاں نشتر ہسپتال مین جنرل سٹور کا دورہ بھی کیا اور وہاں ہسپتال میں استعمال ہونے والی اشیاء کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں تعینات عملے کو کسی بھی کمی کی صورت میں فوری اطلاع کی ہدایت کی تاکہ تمام اشیاء کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد نبیل سلیم، ڈی ایم ایس ایمرجنسی، سینئر نرسنگ اور سینئر کنسلٹنٹس سمیت دیگر انتظامی افسران بھی اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ہمراہ موجود تھے۔











