اسلام آباد،8جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ان کو قومی معیشت کے مرکزی میں دھارے میں لانے کیلئے کوششوں میں تیزی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ ملکی ترقی کے لئے خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں آسان مواقع دینا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیو سی سی آئی )کے زیر اہتمام پہلے کاروباری خواتین ایکسیلینس ایوارڈ ز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا مقصد کامیاب خواتین انٹرپرینیور کی خدمات کا اعتراف اور انہیں سراہنا تھا۔
صدر مملکت نے خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے قرضے اور سرمایہ کاری تک رسائی اور ان کی برانچ لیس بینکنگ خدمات تک رسائی میں بہتری اور معاشی سرگرمیوں میں شرکت میں حوصلہ افزائی کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے جس کو ہنرمند اور معیاری تعلیم فراہم کرکے قومی ترقی میں شمولیت کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوان ایسے بڑے ذرائع ہیں جن سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا، ملک کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مالی خدمات تک خواتین کی رسائی کیلئے اقدامات میں اضافہ کیا گیا ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان خواتین کو کاروباری قرضے فراہم کر رہا ہے تاہم یہ قرضے حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی شعبہ میں خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت سے خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی کیونکہ وہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرکے اپنی مصنوعات کی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر تشہیر کر سکیں گی۔ انہوں نے ملک بھر میں چیمبر اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے چیمبرز میں خواتین کو مساوی نمائندگی دیں، اگر وہ تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کی کسٹوڈین ہوں گی تو وہ اپنی بیٹیوں، بہنوں اور رشتے داروں کو اپنے گھروں سے باہر آنے کیلئے کہیں گی تاکہ وہ اپنا کاروبار چلانے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجہؓ کاروباری خاتون تھیں، انہوں نے کئی مردوں کو ملازمتیں دے رکھی تھیں، وہ تمام مسلمان خواتین کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا محمد علی اور مولانا شوکت علی کی والدہ فعال سیاسی شخصیت تھیں، اسی طرح قائداعظم محمد علی جناح کی بہن فاطمہ جناح قیام پاکستان کیلئے ان کی سیاسی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہیں۔