مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 183 ویں برسی کی تقریب، 418 سکھ یاتریوں کی شرکت

27

لاہور ، جون 29(اے پی پی): مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 183 ویں برسی کی مرکزی تقریب گورودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوئی۔تقریب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین حبیب الرحمن گیلانی ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم ، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز محمد عمران گوندل اورپاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ کے علاوہ بھارت سے 418 سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ اسلامی تعلیمات اورآئین کے مطابق پاکستان کی اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ہمیں واضح ہدایات دی گئیں تھیں کہ یاتریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور پاکستان سکھ یاتریوں کا دوسرا گھر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں کیونکہ یہاں پر ہندو،سکھ ،عیسائی،پارسی،بہائی سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل ہونے کے ساتھ ہر شعبہ میں ترقی کے مواقع میسر ہیں۔چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ یاتری پاکستان آئیں اور یہاں پر اپنے مقدس مقامات پر حاضری دیں۔انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جتنا کام کرنے کی آج ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی ،دنیا کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انسانیت کی تعظیم کے مشن پر کام کرنا ہم سب کا فرض ہونا چاہیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنزرانا شاہد سلیم نے کہا کہ پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے اور ہم بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ اور ہندو مذہب کے پیروکاروں کا استقبال کرتے آئے ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران گوندل نے کہا کہ مذہبی مقامات اور سکھ ورثہ کی حفاظت کے لیے حکومت پاکستان کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ بہت کام کر رہا ہے اور وقت کے ساتھ سکھ اور ہندو یاتریوں کو ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس موقع پر سردار امیر سنگھ نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کا دوسرا بڑا گھر  ہے وہ جب بھی یہاں آئیں گے انہیں محبت اور پیار ملے گا۔انہوں نے کہا کہ رنجیت سنگھ سکھوں کا ہمیشہ فخر رہیں گے اور آج ہمارے لئے خوشی کی بات ہے ہم اس مہاراجہ کی برسی کی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔اس موقع پر بھارت سے آئے یاتریوں نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی طرف سے یاتریوں کو تحائف پیش کئے گئے۔