لاہور، جون 29(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسی کے تربیتی افسران نے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اکیڈمی نجیب اسلم کی قیادت میں ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام کسی بھی جمہوری نظام کی بنیاد ہوتا ہے. لوکل گورنمنٹ کا ادارہ ہر حکومت کے لیے اہم ہے. نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہونے سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے. گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بلدیاتی نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں. مسلم لیگ ن کی حکومت نے نئے بلدیاتی نظام میں خواتین کی نمائندگی کو بڑھایا ہے. نئے بلدیاتی نظام میں عوام کو نچلی سطح پر حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائے گا. بلیغ الرحمان نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے ادارے ملک کی ترقی میں خاص اہمیت رکھتے ہیں. لوکل گورنمنٹ کے ادارے مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں. ڈی جی لوکل گورنمنٹ میاں نجیب اسلم نے گورنر پنجاب کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ اعلی معیار کی تربیتی سہولیات سے محکمانہ کارکردگی میں نمایاں بہتری آرہی ہے ۔ تربیتی کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔