نارووال؛ تینوں تحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد

3

نارووال، یکم جون ( اے پی پی ): وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا،اسسٹنٹ کمشنرشکرگڑھ ظفروال آمنہ احسان  اورڈاکٹرارشد وٹو نے اپنی اپنی تحصیلوں میں منعقدہ ریونیو کھلی کچہری میں آنے والے سائلین کی شکایات کو سنا  اور انہیں موقع پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح نارووال ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کی سطح پر تحصیل کمپلیکس میں بھی ریونیو خدمت کچہری کاانعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنرامتیازشاہدگوندل نے خدمت کچہری میں آنے والے مرد و خواتین کی شکایات کو سنا  اور انہیں موقع پر حل کرنے کے لئے ریونیو افسران کو ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ خدمت کچہریوں کے انعقاد کا مقصد شہری و دیہی سطح پر لوگوں کے ریونیو معاملات سمیت ڈومیسائل کا فوری اجراء و دیگر امور کی انجام دہی کو بر وقت یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ ریونیوخدمت کے علاوہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق اوپن ڈور پالیسی کے تحت بھی روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنرز آفس اور ڈپٹی کمشنر آفس میں لوگوں کی شکایات سن کر ان کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)جویریہ مقبول، اسسٹنٹ کمشنرسلمان احمدلون،سروس سنٹرانچارج ظہیراحمد، انچارج اے ڈی ایل آرظہیراحمد نائب تحصیلدار محمد ارشد، شہزادانورودیگر اس موقع پر موجود تھے۔