ملتان، 12 جون (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایت پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے “نو مور” کے نام سے مہم جاری ہے، جو مسافروں کے تحفظ اور قانون کے یکساں نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے کئے گئے نئے اقدامات اور جدید آلات کے بارے میں عوام کو آگاہ کر رہی ہے،اس جدید نظام کو مخصوص اور منتخب موٹرویز پر شروع کیا گیا ہے جو کہ خامیوں سے پاک جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، ان نئے اقدامات کے نفاذ کا مقصد پاکستان اور بین الاقوامی معیار کے تحت چلنے والے جدیداور بہترین نظام کو بروئے کار لانا ہے۔
موٹرویز اور ہائی ویز پر تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں اور اس ضمن میں پیٹرولنگ گاڑیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا تعاقب کریں اور انہیں روکیں۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی جانب سے خود اوور سپیڈنگ کرنے والی گاڑیوں کا تعاقب کیا گیا اور جرمانے کیے گئے۔ سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ مہم کا مقصد لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کی نگرانی جدید سپیڈ کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے تمام فیلڈ افسران باڈی وارن کیمروں سے لیس ہیں جو شفا فیت اور اعتماد کو یقینی بنانے کیلئے فوٹیج کو براہ راست جدید ترین کمانڈ سنٹر پر منتقل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹول پلازوں پر بھی افسران تعینات کئے گئے ہیں جو مسافروں کو موٹر وے سے باہر نکلنے پر جرمانے ادا کرنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتے ہیں، جس کی وجہ سے جرمانے سے بچنے کا اب کوئی امکان نہیں ہے ۔