اسلام آباد،15جون (اے پی پی): پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سےارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ٹیننٹ جنرل جوآن مارٹن پالیو نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لئےپاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ٹیننٹ جنرل جوآن مارٹن پالیو نے میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ ملے گا۔