کوئٹہ،24جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدس بزنجو ایک روزہ دورے پرگوادر پہنچ گئے ہیں۔ چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، آئی جی پولیس،چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی، ڈائریکٹر جنرل ارادہ ترقیات گوادر مجیب الرحمٰن قمبرانی، کمشنر مکران ڈویژن شبیر احمد مینگل، ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدس بزنجو کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدس بزنجو دورہ گوادر کے موقع پر وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ساتھ گوادر سی پیک سمیت مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ میں شرکت کرینگے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف امن و امان کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کرینگے اور ماہی گیروں سے ملاقات بھی کریں گے ۔
وزیراعظم دورہ گوادر کے موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرینگے اور جی ڈی اے ہسپتال کو انڈس ہسپتال کراچی کو دینے کے مفاہمتی یادداشت اور ایران سے ضلع گوادر کو سو میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی کے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کرنے کے تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف گوادر میں عمائدین شہر اور ماہی گیروں سے بھی خطاب کرینگے۔اس موقع پر ماہیگیروں کے لیے پیکیج کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ سی پیک سمیت بلوچستان بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کرینگے۔
صوبائی وزراء سمیت رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، مشیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لالہ ریشد اور دیگر احکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔