وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی پیپلزپارٹی شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات

18

لاہور ، جون 7 (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بلاول ہاوس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور ورکنگ ریلیشن شپ پر تبادلہ خیال کیا۔

آصف علی زرداری نے حمزہ شہباز کو پنجاب کی وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔

حمزہ شہباز اور آصف علی زرداری نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور عمران نیازی کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ملاقات میں ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں اورایک رہیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، ساتھ لیکر چلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا اتحاد عوام کی خدمت کے لیے ہے ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں اور اجتماعی فیصلوں کا قائل ہوں۔

صوبائی وزراء عطا تارڑ  ،ملک محمد احمد علی، خواجہ سلمان رفیق، عمران گورایہ،  وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ،  شرجیل میمن ،ڈاکٹر عاصم حسین،صوبائی وزراء سید علی حیدر گیلانی اور سید حسن مرتضی بھی ملاقات میں موجود تھے

آصف علی زرداری نے وزیر اعلی حمزہ شہباز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔