ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پنجاب پولیس نے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے

14

لاہور، جون 7(اے پی پی):  ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے پنجاب پولیس نے ملتان میں کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔  آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے دورہ آسٹریلیا کی طرز پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ مہمان ٹیم اور میچ آفیشلز کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ کھلاڑیوں اورمیچ آفیشلز کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی سکیورٹی اور سہولت کو بھی مد نظر رکھا جائے۔

 آئی جی پنجاب نے ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے سٹی پولیس آفیسرملتان اور چیف ٹریفک آفیسر کو خصوصی ٹاسک بھی دیا۔انھوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کا موثر پلان تشکیل دیا جائے۔سینئر افسران باقاعدگی سے فیلڈ میں نکل کر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کریں۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، آر پی او ملتان اور سی پی او ملتان نے آئی جی پنجاب کو سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 7ہزار سے زائد پولیس اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ ٹیموں کی نقل و حمل کے دوران ٹریفک پولیس کے 1100 وارڈنز  بشمول لیڈی ٹریفک وارڈن میچز کے دوران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔تین کنٹرول رومز اور 236 سی سی ٹی وی کیمروں سے براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہوٹل، اسٹیڈیم اور روٹس کے گردونواح میں پٹرولنگ ٹیموں کی تعداد اوردورانئے میں مزید اضافہ کیا جائے۔سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائیں۔آئی جی پنجاب   نے کہا کہ ملتان شہرکے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ اور نگرانی کا عمل مزید سخت بنایا جائے۔