اسلام آباد،7جون (اے پی پی):پاکستان اور جرمنی نے باہمی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے منگل کو یہاں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان دفترخارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمن وزیر خارجہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں، ہم یورپی یونین میں بھی پارٹنر ہیں، دونوں ممالک افغانستان میں امن و استحکام اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ سے دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان کی صورتحال بھی بات چیت میں زیر غور آئی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے بھی جرمنی کی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں۔ جرمنی کی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان کی صورتحال کے اثرات اس کی سرحدوں کے باہر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان میں پرجوش خیرمقدم پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بڑی تعداد میں افغانستان کے مہاجرین کو طویل عرصے سے پناہ دی ہوئی ہے اور اس نے جرمنی سمیت مختلف ملکوں کے شہریوں کے افغانستان سے حالیہ انخلا میں مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں افغانستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔