پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو   ہر شعبہ میں ترقی کے مواقع حاصل ہیں؛ مولانا سید عبدالخبیر آزاد

10

لاہور، 16 جون  (اے پی پی):  چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی سمیت ہر شعبہ میں ترقی کے مواقع حاصل ہیں، حکومت کی اقلیتوں کے لیے تشکیل دی جانے والی ٹھوس پالیسیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   جمعرات کو یہاں  متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام سکھ یاتریوں کی  گوروارجن دیو کی برسی کے موقع پر گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقدہ  دعائیہ تقریب  کے موقع پر کیا۔ دعائیہ تقریب  میں   ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم ، ڈپٹی سیکرٹری، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ،  سردار سکھ ونت سنگھ کی سربراہی میں بھارت سے آنے والا 16رکنی راگی گروپ اور 144بھارتی سکھ یاتریوں سمیت پاکستان کے تمام صوبوں سے آنے والے نانک نام لیواؤں نے شرکت کی۔

 چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بادشاہی مسجد کے پلیٹ فارم سے کام کا آغاز میرے والد گرامی نے شروع کیا، دنیا کو درپیش چیلنجز کے تناظر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انسانیت کی تعظیم کے مشن پر کام کرنا ہم سب کا فرض ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں اقلیتوں کے حقوق کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایک گلدستے کی مانند ہے،پاکستانی جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے اور پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم شہریوں کو آئین میں دئیے گئے تمام حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ اور ہندو مذہب کے پیروکاروں کو خوش آمدید کہتے آئے ہیں اور کہتے رہیں گے ۔

حبیب الرحمن گیلانی نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہمسایہ ملک بھارت سے زیادہ سے زیادہ سکھ یاتری پاکستان آئیں اور اپنی مذہبی رسومات ادا کریں۔

سردار سکھ مندرسنگھ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں  جو محبت اور اپنائیت ملی اس کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں،بلا شبہ پاکستان میں سکھ مذہب کے مذہبی استھانوں کی بہتر انداز میں دیکھ بھال کی جاتی ہے جس پر دنیا بھر کی سکھ برادری حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے مہمانوں کو سروپے اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔