لاہور ، 02 جون (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے چین کے نئےقونصل جنرل ژاؤ شیرین سے گفتگو میں کیا،جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ،ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چین کے قونصل جنرل نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلی پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھالنے پر ژاؤ شیرین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
وزیراعلیٰ اور چین کے قونصل جنرل نے مستقبل میں تعاون کو نئی جہت دینے کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ آپ کا عوام کی خدمت کا ویژن قابل تحسین ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دور میں پاک چین معاشی تعلقات کی نئی جہتوں پر کام شروع ہو چکا ہے، سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی نئی جہتوں کو سامنے رکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ ہے۔