لاہور، 15جون (اےپی پی):پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال2022-23 کے لیے 3ہزار 226ارب روپے حجم کا بجٹ پیش کر دیا۔بجٹ میں آمدن کا تخمینہ 2 ہزار 329ارب روپے رکھا گیا ہے۔
بدھ کے روز ایوان اقبال لاہور میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر خزانہ اویس خان لغاری نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ بجٹ میں کل آمدن کا تخمینہ 2521ارب 29کروڑ روپے لگایا گیا ہے جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق سے پنجاب کو2020 ارب 74کروڑ روپے ملنے کی توقع ہے ، غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے 296ارب روپے جبکہ ترقیاتی اخراجات کے لئے174ارب50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ترقیاتی پروگرام کیلئے 22 فیصد اضافے کے ساتھ 685 ارب روپے مختص کئے جارہے ہیں۔تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں15 اور پنشن میں 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ صحت کے شعبے کیلئے مجموعی طور 470 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،بجٹ میں شعبہ تعلیم کیلئے مجموعی طور پر 485 ارب 26 کروڑ روپے مختص ہیں جبکہ زرعی شعبہ کیلئےمجموعی طور پر 53 ارب 19 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔











