پشاور، 24 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اسلئے اپنی آئندہ نسلوں کو محفوظ مستقبل دینے کے لئے اساتذہ اور والدین سمیت معاشرے کے تمام طبقے پولیو مہم کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہاروزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعہ کو یہاں پانچ روزہ پولیو مہم کا اجراء کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیر اعلی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ مہم کے دوران 25 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے 25 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز 27 جون سے ہوگا۔ اس مہم کیلئے 11389 ٹمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مہم کے دوراں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے 14 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہے، اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے تمام والدین سے پانج سال عمر سے کم اپنے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ والدین اس سلسلے میں پولیو ٹیموں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔











