لاہور، 12 جون ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت کے مطابق چیف سیکرٹری کامران علی افضل کا اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری، اتوار کے روز گوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
چیف سیکرٹری نے پسرور،ڈسکہ، گھکڑ اوروزیر آبادمیں کھاد سیل پوائنٹس پر یوریا کی فروخت کے عمل کا معائنہ کیا اور کاشتکاروں سے کھاد کی دستیابی اور قیمتوں بارے دریافت کیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کاشتکاروں سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپکی سہولت کیلئے یونین کونسل کی سطح پرسرکاری اہلکاروں کی نگرانی میں یوریا فروخت کی جارہی ہے کسی کو بھی یوریا کی ڈی اے پی کیساتھ مشروط فروخت کی اجازت نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اشیاء کی قیمتوں اور دستیابی کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کر کے نا جائز منافع خوری کرنے والوں سے کوئی رعائیت نہ برتی جائے گی۔
دورہ کے دوران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ بھی چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے کمشنر آفس گوجرانوالہ میں ڈویژن کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔