ٹوبہ ٹیک سنگھ،09 جون(اے پی پی): ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسررانا شعیب محمود نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھال لیا ہے ۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد رمضان نے نئے آنے والے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کا پولیس لائن میں استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے نئے آنے والے ڈی پی اوکو سلا می دی۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ نے یاد گارِ شہداء پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور شہداء پولیس کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسررانا شعیب محمود نے پولیس ریسورس مینجمنٹ سنٹر، پولیس ڈرائیونگ سکول،متفرق سٹور،وردی گودام،کوت،کوارٹر گارڈاور میگزین روم کا دورہ کیا۔ متفرق سٹور کے دورہ کے دوران ڈی پی او ٹوبہ نے متفرق سٹور میں موجود سامان کی جانچ پڑتال کی اس کے ساتھ ساتھ وردی گودام میں موجود سٹاک کی تعداد کوالٹی اور معیار کو بھی چیک کیا، اس کے علاوہ انچارج کوت سے اسلحہ اور ایمونیشن کے متعلق سوالات کیے اور کوت پر موجود اسلحہ کی تعداد اور صفائی کو چیک کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسررانا شعیب محمود نے پولیس ڈرائیونگ سکول کے دورہ کے دوران ڈرائیونگ کی تربیت دینے والے ٹریفک سٹاف سے ملاقات کی۔اس کے بعد ڈی پی اوٹوبہ ٹیک سنگھ رانا شعیب محمود نے ڈی پی او کمپلیکس ٹوبہ میں تمام بر انچز کا دورہ کیا اور برانچزہیڈز کے ساتھ تعارفی میٹنگ کی۔
اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں ٹیم ورک کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، ہمیشہ ایک اچھی ٹیم کے طور پر کام کریں محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنائیں۔











