اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):کامسٹیک نے یمنی سائنسدانوں کو صحت عامہ اور طبی ٹیکنالوجی میں تربیت حاصل کرنے کے لئے 50 فیلو شپس دینے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو کامسٹیک نے یمن کے سفارتخانہ ،وزارت اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے تعاون سے کامسٹیک آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس میں یمن پروگرام کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ، یمن کے سفیر جانب محمد مطہر الاشعبی کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، وائس چانسلر، ہیلتھ سروسز اکیڈمی ، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، یونیورسٹی آف لاہور، اویس رؤف، انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کی شریک ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین اور ڈائریکٹر وزارت خارجہ اعلا مظہر بخاری نے خطاب کیا۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک اور یمن کے سفیر کی یمنی شہریوں کے لئے صلاحیت سازی کے اس اہم پروگرام کی منصوبہ بندی اور آغاز کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی آف لاہور، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کی جانب سے مکمل فنڈڈ فیلو شپس کی فراخدلی سے پیشکش کو سراہا۔ انہوں نے او آئی سی کے دیگر ممالک کے لئے ان کی مخصوص ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایسے مزید مخصوص پروگرام شروع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کامسٹیک پروگراموں کو سراہا اور وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کی طرف سے کامسٹیک پروگراموں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔یمن کے سفیر نے اس پروگرام کو شروع کرنے پر کامسٹیک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی قیادت اور او آئی سی کی ریاستوں کے لئے صلاحیت سازی کے بہت سے پروگرام شروع کرنے کے لئے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یمن کے عوام کی طرف سے حکومت پاکستان، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، وزارت خارجہ اور فیلوشپ فراہم کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کامسٹیک اور یمن حکومت کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے یمن کے سفارتخانہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس مشترکہ پروگرام کی منصوبہ بندی اور آغاز میں یمن کے سفیر کی دلچسپی اور کوششوں کو سراہا۔ پروفیسر چوہدری نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت اور وزارت خارجہ کا کامسٹیک کے اس اور دیگر پروگراموں میں مکمل تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد یمنی اسکالرز اور سائنسدانوں کو کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلنس کے تین اعلیٰ درجے کے رکن اداروں کی فضیلت سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت یمنی سائنسدانوں کو صحت عامہ اور طبی ٹیکنالوجی میں تربیت حاصل کرنے کے لئے 50 فیلو شپس دی جائیں گی۔ انہوں نے یمنی شہریوں کو فیلوشپ کی فراخدلی سے پیشکش پر ہیلتھ سروسز اکیڈمی ، یونیورسٹی آف لاہور، اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر چودھری نے یمن کو دو مزید پروگراموں کی پیشکش بھی کی جن میں میں، ٹیلی میڈیسن کی صلاحیت بڑھانے کا پروگرام، اور نیورو-کریٹیکل کیئر پروگرام شامل ہیں۔اس موقع پر ایچ ایس اے کے وائس چانسلر کو ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور موجود تھے اور میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے اپنے متعلقہ اداروں کی طرف سے دی جانے والی فیلوشپس کی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے اس پروگرام کو شروع کرنے پر کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلینس کو سراہا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر وزارت خارجہ اعلا مظہر بخاری نے کامسٹیک کے اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف صحت کی ٹیکنالوجیز میں یمنی عوام کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد دے گا بلکہ سائنس ڈپلومیسی کو پروان چڑھانے میں بھی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کامسٹیک کے ایسے بین الاقوامی پروگراموں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ سفارتی تعلقات کی تعمیر اور پروان چڑھانے میں مدد کرتے ہیں۔پریس کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے قومی اور بین الاقوامی میڈیا نے شرکت کی۔