کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے محکمہ ہیلتھ اور لائیو سٹاک کی ہدایات پر عمل ضروری ہے؛ڈی سی اوکاڑہ زاہد پرویز

23

اوکاڑہ،24جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ انسانی زندگی انتہائی قیمتی ہے، احتیاطی تدابیر انسانی زندگی کو بچانے اور محفوظ رکھنے کے لئے ازحد ضروری ہیں، ہمیں کانگو وائرس سے اپنے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ ہیلتھ اور محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عملد رآمد کو یقینی بنانا ہے، اس سلسلہ میں محکمہ صحت اور محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں  بھر پور اقدامات کریں۔

 ان خیالات کا اظہارانہوں نے کانگو وائرس سے بچاوَ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملد رآمد اور اس سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمہار اخترحسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک اور ڈاکٹر سجاد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کانگو بخار جانوروں پر پلنے والے چیچڑ کے کاٹنے سے پھیلتا ہے اور یہ مرض متاثرہ جانور یا متاثرہ شخص کے خون یا رطوبت سے بھی دوسرے لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید الضحی قریب آنے کی وجہ سے لوگ قربانی کے جانور خرید رہے ہیں اس لئے وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور چیچڑوں سے محفوظ رہنے کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کے مشورہ سے جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کریں، جانور ذبح کرنے کے لئے بعد خون اور آلائشوں کو احتیاط سے تلف کریں، تیز بخار یا کانگو بخار کی علامات کا احساس ہو تو فوراََ قریبی ہسپتال سے رابطہ کریں۔

 سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین نے بتایا کہ کانگو بخار کی علامات میں جسم میں شدید درد ،تیزبخار، متلی اور قے، جسم پر سرخ رنگ کے نشانات اور دھبے اور منہ اور ناک سے خون بہنے کی علامات ہو سکتی ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر زاہد پر ویز وڑائچ نے کہا کہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر محکمہ لائیو سٹاک اپنی چیک پوسٹیں بنائے، یہاں پر دوسرے اضلاع سے آنے والے جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کیا جائے۔

 ڈپٹی ڈائر یکٹر لائیو سٹاک شکیل احمد نے بتایا کہ ضلع میں ماڑی پتن اور ہیڈ سلیمانکی پر چیک پوسٹیں بنائی جا چکی ہیں ۔ ضلع میں جانور لے کر آنے والے 128 ٹرکوں پر چیچڑ مار سپرے کیا جا چکا ہے جبکہ جانوروں کی منڈیوں میں خرید و فروخت کے لئے آنے والے 800 جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کیا جا چکا ہے ۔