اسلام آباد،15جون (اے پی پی):گروپ 20 ممالک کے قرضہ معطل کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت پاکستان کے ذمہ واجب الادا 3.688 ار ب ڈالرکاقرضہ معطل و ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔
بدھ کواس ضمن میں وزارت اقتصادی امورمیں بین الاقوامی ترقی کیلئے جاپان کی ایجنسی جائیکا، سوئٹزرلینڈ کی حکومت اورحکومت پاکستان کے درمیان گروپ بیس ممالک کے قرضہ معطل کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت معاہدوں پردستخط ہوگئے۔ وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق اوروزارت اقتصادی امورکے سینئرحکام کے علاوہ جاپان اورسوئٹزرلینڈکے سفارتی حکام بھی اس موقع پرموجودتھے۔
وزارت اقتصادی امورکے ترجمان نے بتایا کہ ڈی ایس ایس آئی فریم ورک کے تحت مئی 2020 سے لیکردسمبر2021 تک کی مدت کیلئے پاکستان کے ذمہ واجب الادا 3.688 ار ب ڈالرکاقرضہ معطل و ری شیڈول کیاگیاہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں بشمول جائیکا اورسوئس حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معاونت کے نتیجہ میں گروپ 20 ممالک نے قرضہ معطل کرنے کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) کے تحت پاکستان کا قرضہ معطل/ ری شیڈول کردیا ہے جس سے ملک میں معیشت اورصحت کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے مالی گنجائش میسرہوئی۔
واضح رہے کہ کوویڈ 19 کی عالمگیروبا کے تناظرمیں گروپ 20ممالک نے ترقی پذیرممالک کے ذمہ واجب الادا قرضہ جات کوعارضی طوپرمعطل یا ری شیڈول کرنے کیلئے یہ اقدام اٹھایاتھا۔











