گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات، تعلیم اور تجارت کے شعبے میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا

44

لاہور، 15 جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں تعلیم، تجارت، ماحولیات سمیت دیگر دلچسپی کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔ تعلیم اور تجارت کے شعبے میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں برطانوی تعاون کو  قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،برطانیہ پاکستان کے تعلیم کے شعبے میں ترقی میں اہم پارٹنر ہے اور کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں برطانوی ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دیا گیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے  پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں تمام دنیا کو درپیش ایک اہم مسلہ ہے۔

 گورنر پنجاب نے بتایا کہ ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے جامعات کے وائس چانسلرز اور محکمہ ماحولیات سے تجاویز طلب کی ہیں،ان تجاویز کی روشنی میں ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی اورکہا کہ برطانیہ  تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔