گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  کاٹن جننگ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

8

لاہور، 3 جون(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے  کاٹن جننگ(Ginning) ایسوسی ایشن کے وفد نے  جمعہ کو یہاں ملاقات کی ہے، وفد نے گورنر پنجاب کو کاٹن جنرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

وفد نے بتایا کہ کپاس کے بیج (بنولہ)، کھل، تیل اور را کاٹن (Raw Cotton) پرسابقہ حکومت نے 17 فیصد ٹیکس عائد کیا۔عائد ٹیکس سے کپاس کی فصل کی پیداوار اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔

 گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی فصل کی بحالی کے لیے کاٹن جنرز کے مسائل کے حل کے لیے سفارشات متعلقہ حلقوں تک پہنچاوں گا، کپاس کی فصل سے بہت سے لوگوں کا روزگار منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے سے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی،ٹیکسٹائل کے شعبے کا ملکی برآمدات اور معیشت میں ایک اہم کردار ہے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے کپاس کے معیاری بیج پہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی سیلز ٹیکس میں کمی کی درخواست وزیراعظم تک پہنچاوں گا۔

چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن سہیل ہرل نے کہا کہ کپاس کی پیداوار اچھی ہو گی تو کاٹن جننگ فیکٹریاں چلیں گی اور ملک کی معیشت بہتر ہو گی۔

وفد میں  سینئر وائس چیئرمین مکیش کمار اور دیگر بھی شامل تھے۔