اسلام آباد؛محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی

26

اسلام آباد،29جولائی  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیرصدارت اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی، لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے جلوس کے راستوں میں سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے، کنٹرول روم میں پولیس، ٹریفک پولیس، انتظامیہ، رینجرز، سی ڈی اے، ہیلتھ اور آئیسکو عملہ فوری کارروائی کے لئے الرٹ ہوگا۔

  اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی ٹریفک، اسسٹنٹ کمشنرز اور رینجرز، سی ڈی اے، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور آئیسکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔

 ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ہرممکن اور مؤثر انتظامات کے لئے اجتماعی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے۔  اس سلسلے میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس میں پولیس، ٹریفک پولیس، انتظامیہ، رینجرز، سی ڈی اے، ہیلتھ اور آئیسکو عملہ فوری کارروائی کے لئے الرٹ ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جلوس کے راستوں میں سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے، جلوس کے راستوں میں ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہ ہو، اس لئے فلیگ مارچ کئے جائیں اور سکیورٹی کے معاملہ پر کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔