لاہور،02 جولائی ( اے پی پی ): صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکی ہدایت کے مطابق آج سارے صوبہ میں انسداد ڈینگی ڈے منایاجارہاہے ،انسداد ڈینگی ڈے منانے کا بنیادی مقصدعوام میں ڈینگی سے بچاؤ کے سلسلہ میں آگاہی پھیلاناہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی ہیلتھ سروسزکے دفترمیں انسداد ڈینگی واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا،خواجہ سلمان رفیق نے شاہراہ پر شہریوں میں ماسک بھی تقسیم کئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں اٹھاسی فیصد سے زائدشہری ویکسی نیٹڈ ہیں ،ملک میں کوروناکے کیسزمیں بھی تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈینگی کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤکیلئے بھی احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدرآمدکرواناہے، نان ویکسینیٹڈ افرادفوری طورپرکوروناسے بچاؤکیلئے ویکسینیٹڈہوجائیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر تمام صوبائی سیکرٹریزاپنے محکمہ جات میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھ رہے ہیں، بطورشہری اپنے گھروں کوصاف ستھرارکھناہماری بھی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں ماضی میں پنجاب میں ڈینگی پر مکمل قابوپایا گیا تھا،پنجاب کے تمام محکمہ جات ڈینگی پرقابوپانے کیلئے اس وقت محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آگاہی سیمینارزاورواکس کے ذریعے عوام میں ڈینگی سے متعلق آگاہی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام میں ڈینگی سے متعلق آگاہی پھیلانے میں میڈیا انتہائی اہم کرداراداکررہاہے ۔شہری اپنے گھروں میں پانی بالکل جمع نہ ہونے دیں، شہریوں کوبرسات کے موسم میں ڈینگی سے بچاؤکیلئے زیادہ محتاط کرنی ہوگی۔
واک میں شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں انسدادی ڈینگی سے متعلقہ پلے کارڈزاٹھارکھے تھے۔اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرہارون جہانگیر،ڈاکٹریونس،ڈاکٹرشاہدحسین مگسی،ڈاکٹرمختاراعوان اور ڈی جی ہیلتھ دفترکے تمام افسران وملازمین نے انسداد ڈینگی آگاہی واک میں شرکت کی۔