لاہور،4 جولائی(اے پی پی): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال میں انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کی ہرممکن مدد سےہی پاکستان کی برآمدی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون انڈسڑیل اور ایکسپورٹ سیکٹر کے مسائل کے حل سے متعلق جائزہ اجلاس کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے انڈسٹریل اور بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کے انرجی سپلائی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بزنس مین کے نمائندہ گروپ کو متعلقہ وزراء سے فوری طور پر ملاقات میں تفصیلاً مسائل پر تبادلہ خیال کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کے مسائل کے موافق اور موضوع اقدامات کے ذریعے فوری حل میں ہی پاکستان کی معاشی بقاء پوشیدہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صرف گیس پر چلنے والے کارخانوں کے لئے گیس لوڈ شیڈنگ کی پالیسی پر نظر ثانی کی ہدایت کی تاکہ برآمدات کی پیداواری ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انرجی ڈویژن انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے کامرس سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز سید مرتضی محمود، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، ممبر قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان، متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے نامور بزنس مینوں نے شرکت کی۔