اوکاڑہ،9جولائی( اے پی پی):عید الاضحی کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، ڈی پی او، اہم مساجد،عید گاہوں، امام بارگاہوں پر سیکیورٹی کے تین حصار سے گزرنا ہوگا،15سو سے زائد اہلکار عید الاضحی کی نماز کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال نے طیب سعید شہید پولیس لائنز میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انسپکٹر سیکیورٹی سے اجلاس کے دوران عید الاضحی کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی مسلمانوں کا بڑامذہبی تہوار ہے، نماز عید کے ضلع اوکاڑہ میں 546مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جن میں عید الاضحی کے 11اجتماع کھلے میدان میں ہونگے جن کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ اہم مساجد اور کھلے اجتماعات پر مسلح پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، نماز عید کے اوقات میں اوکاڑہ شہر کے اہم مقامات پر پولیس افسران واہلکاران کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نپٹنے کے لیے الرٹ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر ضلع اوکاڑہ کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہےجبکہ مساجد، عبادت گاہوں، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر پولیس اہلکاران کے ساتھ ساتھ لیڈیز پولیس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔پولیس افسران واہلکار مرحلہ وائز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ایلیٹ فورس اورموٹر سائیکل سکواڈ عید کی نماز کے اوقات میں متواتر گشت کریں گے نماز عید کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مسلح اہلکار بڑی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں بھی گشت کریں گے۔
ڈی پی او محمد حسن اقبال نے مزید کہا کہ پارکوں اور تفریح گاہوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور دوران ڈیوٹی کسی بھی قسم کی غفلت لاپرواہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔