اوکاڑہ؛ ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

14

اوکاڑہ،یکم جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت  جمعہ کو یہاں پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب  میں  ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی اور معیار کو یقینی بنانے  کیلئے  تواتر سے کئے جانےو الے اقدامات لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کا باعث ہیں، پرائس مجسٹریٹس گراں فروشوں کے خلاف جاری کارروائیاں پوری شد و مد سے جاری رکھیں اور کریانہ کی اشیاء کے ساتھ ساتھ پھلوں و سبزیوں کو مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ریٹ لسٹوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم خالد جاوید بھٹی نے ضلع میں چینی ، گھی ، دالوں ،چاول ،آٹے کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی صورتحال سرگودھا اور فیصل آباد کی ہول سیل مارکیٹوں میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ،پھلوں اور سبزیوں کی دوسرے اضلاع سے اوکاڑہ میں آمد،عید کے دنوں میں اشیائے ضروریہ کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی صورتحال اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی ۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کی لہر سے لوگوں کو بچانے اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ پرائس مجسٹریٹس اور متعلقہ ادارے باہمی ربط و رابطہ سے اقدامات جاری رکھیں تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین، تاجروں کے نمائندوں سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔