اوکاڑہ،24جولائی(اے ہی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد حسن اقبال نےکارکردگی کی بنیاد پر پولیس افسران وجوانوں میں 10لاکھ،57ہزار 500 سو روپے کی خطیر رقم کے چیک بطور انعام تقسیم کر دئیے، انعام پانے والوں میں کانسٹیبل سے انسپکٹر کے عہدہ تک کے 134پولیس ملازمین شامل تھے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد حسن اقبال نے کہا ہے کہ پولیس فورس میں موجود جزا اور سزا کا نظام اس کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے، محنت اور لگن سے کام کرنے والا پولیس کا ہر جوان اور افسر محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر ہے جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو افسران اور ملازمین عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیتے ہیں ان کومحکمہ کی جانب سے ایوارڈ تو ملے گا ہی لیکن ساتھ ساتھ عوام کی دعائیں اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے مواقع بھی ملتے ہیں۔
ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کہا کہ ضلع میں امن کے قیام اور جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی دن رات کام کیا جو کہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کی روشنی میں بہترین کارکردگی کے حامل پولیس جوانوں اور افسران کو نقد انعام دینے کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔