اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے جمعرات کو یہاں وزیر مملکت مصدق ملک کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان صاف شفاف ہیں تو فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر کیوں ہے؟
۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کو لٹکانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کئے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا ہدف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان صادق اور امین ہیں اور ان کے ہاتھ صاف ہیں تو وہ تاخیری حربے استعمال کیوں کر رہے ہیں، وہ الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہیں اور انہیں اپنے اقدامات کا علم ہے اور وہ الیکشن کمیشن کو نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ مطالبہ ہے کہ بہت عرصہ سے ہے ساری قوم منتظر ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کے کیس کا فیصلہ ہو ۔