اسلام آباد،21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آبی وسائل کے تناظر میں آبادی کا بڑھنا بڑا مسئلہ ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کا تقاضا ہے کہ زیر زمین پانی اور دیگر وسائل کی بہتری پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں قومی آبی پالیسی 2018پر عملدرآمد سے متعلق ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے ، بدقسمتی سے ماضی میں اس کی اہمیت کا احساس نہیں کیا گیا اور بڑے ڈیموں اور آبی ذخائر کی تعمیر پر کام نہیں کیا گیا ، نہ ہی زیر زمین پانی کی سطح پر توجہ دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اور خیبر پختونخوا نے زیر زمین پانی سے متعلق اتھارٹیاں قائم کی ہیں ، باقی صوبوں کو بھی یہ اتھارٹیاں بنانی چاہئیں ، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آبادی کا ہے اور ملکی آبادی 24کروڑ تک پہنچ چکی ہے جو 10سال بعد 30کروڑ تک پہنچ جائے گی ، ہمیں زرعی شعبے کی ترقی کے لئے پانی کی ضرورت ہے کیونکہ جب زراعت کے لئے پانی دستیاب نہیں ہوتا تو پھر مسائل پیدا ہوتے ہیں اور ہمیں بنیادی اشیائے خوردنی بھی درآمد کرنا پڑتی ہیں۔
وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا کہ پانی کے استعمال اور بچت کے لئے طویل المدت منصوبہ بندی اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ 1991کے پانی کے تقسیم کے معاہدے کے باوجود صوبوں میں پانی کی تقسیم کے حوالے سے تنازعات سامنے آتے رہتے ہیں ، منصفانہ تقسیم کے لئے ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب پر توجہ دی جارہی ہے ، پانی سب کو برابر ملنا چاہئے ۔آبی ذخائر تعمیر کئے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے ، بلوچستان اور سندھ میں پانی کے ذخیرے تعمیر کر کے زیر زمین پانی کی سطح کو بلند کیا جاسکتا ہے۔