جنوبی پنجاب میں امن و امان،قومی یک جہتی کی فضا کا قیام اولین ترجیح ہے؛ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر احسان صادق

6

ملتان، 28 جولائی (اے پی پی ): ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں امن و امان،قومی یک جہتی کی فضا کا قیام اولین ترجیح ہے، محرم الحرام کے تمام عزاداری جلوسوں اور شرکاء کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   جمعرات کو  یہاں  محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں اور مجلسوں کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ، مجالس اور جلوسوں کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن ذرائع بروئے کار لائے جا ئیں۔انہوں نے کہا کہ  ٹربل پوائنٹس اور ممکنہ شرانگیز عوامل پر کڑی نظر رکھی جائے ،ٹربل پوائنٹس پر انتشار پھیلانے والوں کے خدشہ کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ ڈویژنل اور مقامی سطح پر پولیس افسران امن کمیٹیوں  کےمنتظمین،متولیوں،جلوس ہولڈرز سے میٹنگز کر یں۔

اجلاس میں تمام ڈسٹرکٹ کمانڈنگ افسران نے سیکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی۔محرم الحرام میں جنوبی پنجاب کے ریجن ملتان میں910 ،بہاولپور ریجن میں 514،اور ڈی جی خان ریجن میں 1359 عزاداری جلوس برامد ہونگے،محرم الحرام میں ملتان ریجن میں3182،بہاولپور ریجن میں1409اور ڈی جی خان ریجن میں4649مجالس منعقد ہوں گی۔جنوبی پنجاب میں جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کیلیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔

 ایلیٹ پولیس فورس،پنجاب کانسٹیبلری،اور رضاکار پنجاب پولیس کے ساتھ سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے،جلوسوں کی سیکیورٹی پر ملتان ریجن میں29435،بہاولپور ریجن میں8091اور ڈی جی خان ریجن میں8636افسران ملازمان و قومی رضاکاران ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ مجالس کی سیکیورٹی پر ملتان ریجن میں38680،بہاولپور ریجن میں6853اور ڈی جی خان ریجن میں7079افسران،ملازمان اور قومی رضاکارن فرائض کی انجام دہی کیلیے تعینات کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں آر پی او ملتان رفعت مختار راجہ ،سی پی او ملتان ،اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت،ایس ایس پی آپریشن ملتان،اے آئی جی انوسٹیگیشن اور اے آئی جی لیگل سمیت  آر پی ڈی جی خان،آر پی او بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے تمام ڈی پی اوز نے بزریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔