جن ملازمین کی ضمنی الیکشن میں ڈیوٹی لگی ہے وہ کل تک پوسٹل بیلٹ پیپرز کیلئے درخواست جمع کراسکتے ہیں ؛ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر فیصل آباد باسل اکرم

26

فیصل آباد،5  جولائی  (اے پی پی):  ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرون وریٹرننگ آفیسر حلقہ پی پی 97 جھمرہ ون باسل اکرم نے کہا ہے  کہ جن سرکاری ملازمین کی17 جولائی کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن میں ڈیوٹی لگی ہے اور ان کا اس حلقہ سے تعلق ہے اور وہ اپنا ووٹ کا حق استعمال کرنا چاہتے ہیں وہ ملازمین آج 6 جولائی بروز بدھ کی شام تک پوسٹل بیلٹ پیپرز کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر میں درخواست جمع کراسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے  منگل کو یہاں  پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب،سابق ممبر قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا اورضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے حلقہ پی پی 97سے نامزد امیدوار علی افضل ساہی سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔ جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور بعض خدشات کا اظہار کیا۔

باسل اکرم نے کہا کہ حلقہ پی پی 97 کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر پوری طرح عملدرآمد کروایا جائے گا اور کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ  الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت قومی شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ ووٹ کے اندراج کے مطابق ہی ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کرسکے گا۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹو فیصل آباد عرفان کوثراور دیگر حکام بھی موجود تھے۔